بدھ، 10 اگست، 2016

وکلا کی شہادت اور مطالبہ قصاص؟

وکلاء اورعدالتیں جو کہ آئین اور قانون کی محافظ تصور کی جاتی ہیں کوئٹہ سول ہسپتال میں ان کے بہیمانہ قتل پر پوری قوم سوگوار ہو گئی ۔ہر صوبہ کی حکومت نے یوم سیاہ کا اعلان کرڈالاتمام وکلاء انجمنوں نے بھی یوم سیاہ منانے اور عدالتی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے ان کے راہنماؤں نے وکلاء کو پورے ملک میں مکمل فول پروف سیکورٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے کوئٹہ میں وکلاء الیکشن کے صدارتی امیدوار بلال کانسی کو گولیوں سے بھون ڈالا گیا وہ سول ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کر گئے۔وکلاء ساتھی ان کی میت کو لینے کے لیے بھاری تعداد میں وہاں پہنچے تو ظالم خود کش حملہ آور نے دھماکے سے خود کو اڑالیا اور چھ درجن سے زائد افرادشہید ہو گئے جن میں کثیر تعداد میں وکلاء شامل ہیں شہادت پانے والوں میں کیمرہ مین اور صحافی بھی شامل ہیں۔آرمی چیف جائے واردات پر پہنچے ائیر ایمبولنس کے ذریعے کراچی ہسپتالوں میں پہنچایا وزیر اعظم نے کوئٹہ پہنچ کر اعلیٰ اجلاس کی صدارت کی اورمریضوں کی خصوصی نگہداشت کے احکامات جاری کیے۔ ایک سو سے زیادہ افراد شدید زخمی ہیں ہمارے ملک میں یہ پہلا دہشت گردانہ واقعہ نہیں ہے بلکہ جب سے ہم مشرف کی طرف سے ہاں کہنے پر امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف مہم میں اتحادی بنے ہیں یہ واقعات مسلسل ہورہے ہیں۔افغانستان میں طالبان کی حکومت جسے ہم نے خود تسلیم کیا تھا پر امریکی طیاروں نے جنرل مشرف کی حمایت ملنے پر ہزاروں حملے زہریلی گیسوں سے ہمارے اڈوں سے کیے ۔جس سے ہمارا مغربی بارڈر غیر محفوظ ہوا ہماری پاک فوج نے قربانیاں دیں ہم بھی ڈرون حملوں کی زد میں آئے مگر اب ہمارا اتحادی امریکہ ہمیں ہی آنکھیں دکھا رہا ہے اور انڈیا کو علاقائی تھانیدار بنانے پر تلا ہوا ہے۔دوسری طرف کشمیر میں نوجوان کرفیو توڑ کر پاکستانی جھنڈا اٹھائے جلوس نکالتے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے شہادتیں پارہے ہیں۔خود کش بمبار یا ایٹم بم کے نام سے چار سال قبل راقم الحروف نے اخبارات میں کالم تحریرکیا تھاکہ یہ اس دور کی زہریلی ترین انوکھی ایجاد ہے جو غالباً ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔جنرل مشرف نے لال مسجد پر زہریلی گیسیں برسا کر جب سینکڑوں حفاظ بچیوں کو بھسم کرواڈالاتو پاکستان میں بھی خود کش بمبار وجود میں آتے چلے گئے۔غالباً مشرف نے ایسا امریکہ کو خوش کرنے اور اپنے آپ کو آزاد منش حکمران ثابت کرنے کے لیے کیا تھا۔اب وہ تو بیرون ملک جا چکااور شہیدوں کے خاندان کے سپوت جنرل راحیل شریف کے ہاتھوں میں پاک فوج کی کمان ہے۔اب تو ان دہشت گردوں کو ایسی وارداتیں کرنے سے توبہ تائب ہو جانا چاہیے وگرنہ ہر صورت پاک فوج انھیں ختم کرڈالنے کا عزم صمیم رکھتی ہے ۔ان خودکش بمباروں کو تربیت دینے والے یعنی ان کے پروردگان اصل موجدوں کو گرفتار کرکے اصلاحی جیلوں میں عرصہ درازتک رکھا جائے اور ان کے دماغوں کا تجزیہ اور ان کے سائیکالوجی ٹیسٹ کروائے جائیں کہ ان کے دماغوں میں مخالف فرقہ کافر ہے ،اسے مارڈالنے میں سیدھا مقام جنت ہو گا جہاں حوریں ملیں گی اور دو دھ و شہد کی نہریں بہہ رہی ہوں گی وغیرہ جیسے خیالات کیسے سمو ڈالے گئے۔امریکہ تو اب طالبان سے مذاکرات کرکے اپنی اور اپنی اتحادی افواج کونکال بھاگنا چاہتا ہے مگر ہمارے افغانستان سے تعلقات دن بدن خراب ہوتے چلے جاتے ہیں ایسے حالات پیدا کرنے میں امریکہ اور بھارت دونوں کا ہاتھ ہے کہ ہندو مسلمانوں کے ہندوستان پر سات سو سالہ اقتدار کو نہیں بھول پارہے اور عیسائی ہر صورت صلیبی جنگوں کا بدلہ مسلمانوں سے لینا چاہتے ہیں ۔بھارتی راکے اعلیٰ کمانڈر کو پچھلے دنوں ہم نے پکڑا اس کے بتانے پر اس کے نیٹ ورک کے تمام کارندے گرفتار ہوچکے مگر موجود ہ سارک کانفرس میں نہ حکمرانوں سے اس کا ذکر کیا اور نہ کوئی احتجاج کہ ملک میں وزیر خارجہ نہ ہونے پر کوئی مضبوط خارجہ پالیسی ہی نہ ہے۔حکمران سیاستدانوں کو اپنی کرپشنوں اور پانامہ لیکس سکینڈل سے جان چھڑانے کی پڑی ہے اور اپو زیشن کو دھرنوں جلوسوں اور جلسوں سے ہی فرصت نہ ہے درجنوں وکلاء دھماکہ میں شہید ہو گئے۔ان کے بال بچے ابو کی شکل کو اور بیویاں عدالتوں سے ان کے اچانک واپس آنے کی آہٹ سننے کو ترسا کریں گی۔وکلاء تنظیموں کا مطالبہ کہ انھیں پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے قطعاً جائز اور اصولی ہے۔وکلاء اگر مسلسل قتلوں پر قصاص کا مطالبہ کریں تو یہ بالکل جائز ہو گا۔ حکمرانوں نے طلباء سکولوں پردہشت گردانہ حملوں کے بعد جو سکولوں کی سیکورٹی کے انتظامات کرنے تھے وہ اب بالکل عنقا ہوچکے اب چند دن بعد آمدہ 14اگست کے فنکشنوں پر خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے ۔بھارتی بنیا پاکستان میں ہی موجود اس کی دہشت گردانہ تنظیم را کے ایجنٹوں کے ذریعے لازماً خبیثانہ حرکت کرنا چاہے گا بھارت کوصدر ضیاء الحق کی طرح دوبارہ انتباہ کیا جانا انتہائی ضروری ہو چلا کہ ہم ایٹمی قوت ہیں اور آپ کے تمام دفاعی اقدامات کے باوجود آپ کے تمام مشہور شہروں کوساڑھے چار منٹ میں ملیا میٹ کیا جا سکتا ہے وہ ہوش کے ناخن لے اسے1965کی جنگ میں اپنا پاکستان کی نسبت سوگنا زیادہ نقصان نہیں بھولنا چاہیے۔آناً فاناً ہماری بہادر افواج نے ان کے ہزاروں ٹینکوں کو تباہ کرڈالا تھا۔مسلمان کبھی جنگ ہار ہی نہیں سکتا جب تک اسکے اندر میر جعفرو صادق جیسے غدار کردار پیدا نہ ہوں۔ اور امریکی بھارتی یہاں سیاست کے روپ میں اپنے بھیڑیوں نما ایجنٹ پیدا نہ کریں تو کوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا حکمران اور افواج پاکستان مولانا فضل ارحمٰن ،مولانا سمیع الحق ،انس نورانی سراج الحق ،حافظ سعید اور اعلیٰ شیعہ قائدین سے کہیں کہ وہ خلوص نیت سے فرقوں اور مسلکوں کے جھگڑوں کو نپٹائیں اپنے اپنے کارکنوں کی تربیت ایک خدا ایک قرآن ایک قبلہ ایک نبیﷺ کے طور طریق پر کریں اور وہ اندرون ملک فرقہ پرست تنظیموں سے دست بستہ گذارش کرکے ان کی مسلح تنظیموں اور ان کے تیار کردہ مخالف مسلک کو مارنے والے خود کش بمبار ختم کرائیں اور بھارتی امریکی ٹاؤٹوں سے افواج سے نپٹیں ان کو زمیں دوز تہہ خانوں سے نکال کر نشان عبرت بناڈالیں تو ہی خود کش بمبار والی انوکھی ایجاد کا خاتمہ ممکن ہو گا۔مذکورہ علماء ملک کی تمام مسلکی تحریکوں کی خواہ منتیں کریں یاکوئی دوسرا مناسب طریقہ اختیار کریں حکمران اور افواج ان علماء سے ہفتہ وار اچھی رپورٹیں طلب کرتے رہیں کہ جو کام منت سماجت یا پیار محبت سے ہو سکتا ہے وہ شاید مار دھاڑ سے نہ ہو سکے ان تمام علماء کو اللہ اکبرکونسل نام کی کسی تنظیم میں پھول کی مالا کی طرح پرو ڈالیں۔انشاء اللہ مذہبی فرقوں میں ہم آہنگی پیدا ہو گی اور دہشت گردی کا نام و نشان بھی مٹ جائے گا اور ہماری ہر دھماکے کے بعد رونے پیٹنے یوم سیاہ منانے اور ہڑتالیں کرنے سے بھی مکمل جان چھوٹ جائے گی۔ادنیٰ خادم کی معروضی تجویز میں جہاں مشکلات ہیں وہیں آسانیاں بھی ہیں خدائے عز وجل خلوص نیت سے کی جانے والی جدو جہد کو لازمی اچھے نتائج تک پہنچاتے ہیں۔

اتوار، 7 اگست، 2016

صحیح آزادی کا سورج کب اور کیسے طلوع ہو گا؟


مغلیہ خاندان جب پورے ہندوستان پر حکمران تھا تو بادشاہ خود اور شہزاد گان عجیب و غریب خواہشات کا شکار رہتے تھے۔کسی نے تو اپنی بیوی کی یاد میں تاج محل بنا ڈالاجودنیا کے سات عجائبات میں سے ہے غریبوں کے خون سے چوسے گئے اربوں روپے خرچ کرنے سے کیا حاصل ہوا عیاش مسلمان بادشاہ پورا ہندوستان ہی اپنے ہاتھ سے گنوا بیٹھے ہزاروں میل دور سے آکر برطانیہ راج کرنے لگا۔اب مسلمان کیا اس تاج محل کو چوما چاٹا کریں تاکہ پیٹ کی بھوک ختم ہوسکے ان کی عیاشانہ طبیعتیں کیسی تھیں کسی نے چار ہزار بیویاں رکھیں اور کوئی محلات کی اوپر والی منازل پر سیڑھیاں چڑھتے ہوئے نوجوان عریاں دوشیزاؤں کا سہارا لے کر اوپرپہنچتا تھا ۔رنگیلا بادشاہ آخر دم تک کہتا رہاکہ 'دے سیراں چوٹا ' یعنی پنگھوڑے میں پڑے بادشاہ سلامت باندی کو کہتے کہ پنگھوڑا ہلاتے رہو اور پھر "ہنوز دلی دور است"افواج محلات میں داخل ہوکر حکمرانی پر قابض ہوگئیں ۔شہزادے جنہوں نے زمین پر چلنا بھی نہ سیکھا تھا وہ پاؤں تلے روند ڈالے گئے بہادر شاہ ظفر کے بیٹوں کو قتل کرکے ان کے سر طشتری میں رکھ کر پیش کیے گئے اس طرح آجکل بھی من مانیاں اور بڑی پارٹیوں کی باریاں ہیں ان کی آنیاں جانیاں دیکھو تو سر شرم سے جھک جاتا ہے اربوں کھربوں کما کر بھی عوام کی جان نہیں چھوڑتے کہ "چھٹتی نہیں ہے منہ سے یہ کافر لگی ہوئی" کی طرح اقتدار سے چمٹے رہنا ان سبھی کی خواہش ہی نہیں مجبوری ہے۔کہ ابھی کئی شہزادوں شہزادیوں کو اقتدار کے سنگھاسن کا مزہ چکھنا ہے اور کئی پانامہ لیکس میں انویسٹمنٹ کرنا باقی ہے ۔اور اپوزیشنی لیڈروں کی سامراجیوں ،یہود و نصاریٰ سے تعلقات اور رشتہ داریاں دیکھ کر ویسے ہی گھن آتا ہے۔بھارت نے ملک تقسیم ہوتے ہی جاگیرداری ختم کرڈالی مگر ہمارے ہاں وڈیروں بالخصوص سندھ میں ان کے ریل پیل دیکھیں تو مغلیہ شہزادے بھی شرما جائیں ۔کئی کئی اسٹیشن ٹرین چلتی رہتی ہے مگر ان کی ملکیہ زمین اور راجدھانی ختم نہیں ہو پاتی۔
بھارت میں ستر کروڑ کو رفع حاجت کی سہولت مہیانہیں اور90کروڑ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں مگر اس کی سامراجی خواہشات کہ مزید علاقوں پر قابض ہوجائیں ختم نہیں ہورہیں۔مقبوضہ کشمیر میں اس کی دہشت گردانہ کاروائیاں سن کر ہی انسان کانوں کو ہاتھ لگاتے ہیں۔دیکھنے والا تو اس کی تاب ہی نہ لاکر غش کھا کر گر پڑے اور ہو سکتا ہے دل کی دھڑکنیں ہی بند ہو جائیں مگر ہندو مہاشے دنیا کی تاریخ کا بدترین تشدد روا رکھے ہوئے ہیں ۔کشمیری جنگ آزادی میں چودہ لاکھ سے زائد افراد شہید کراچکے زخمیوں کی تعداد پچاس لاکھ سے بھی زائد ہوگی عورتوں کی بے حرمتی کے ان گنت واقعات علیحدہ ہیں مگر اسلام دشمن مودی دنیا میں جمہوریت کی رٹ لگائے ہوئے ہے ۔انشاء اللہ نوجوانوں کے خوں سے سیراب کی گئی زمین پر کشمیریوں کی آزادی کا سورج بالآخر ضرور طلوع ہوگا۔اگرجمہوری آزادیاں اسی کا نام ہے تو اس جمہویت سے سو بار توبہ بھلی۔مسلمانوں کا نہیں دیگراقلیتوں سکھوں ،عیسائیوں کا بھی بھارتیوں نے ناطقہ بند کر رکھا ہے ۔جب ان سے میٹنگ یا مذاکرات ہوں بنیے اپنا ہی رنڈی رونا شروع کردیتے ہیں کہ ممبئی میں کیا ہوا فلاں جگہ دہشت گردی آپ کی طرف سے ہورہی ہے۔ادھر بلوچستان ،اسلام آباد ،لاہور سے را کے ایجنٹوں کو پکڑا گیا ہے مگران کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔مسلمانوں کی تاریخ میں اسلام دشمن غداروں کے بھی غلیظ کردار بھیانک ہیں میر جعفر و صادق کی طرح کئی اقتدار اور روپوں کے لالچی آج بھی اپنا قبیح فعل زیر زمین ادا کر رہے ہیں مسلمان بیچاروں کے بچے کچھے مغربی پاکستان میں بھی بھارتی ایجنسی راکے پروردوں کی کمی نہ ہے۔ایک آدھ لیڈر تو کھلم کھلا بھارت کی ہر بات اور اس کی ہر ہاں میں ہاں ملاتے ہیںیہاں تک کہ بھارت میں موجود را کے تربیتی کیمپوں سے ٹریننگ حاصل کرکے واپس پہنچ کرپاکستان میں وارداتیں کرتے ہیں۔مگر اب تک رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے سربراہ ہیں کوئی غداری کا مقدمہ ان پر آج تک نہیں چلایا گیا۔الیکشن کمیشن قوانین اور آئین پاکستان کے مطابق بیرون ملک سے ایڈ لینے والی پارٹی پاکستان میں وجود نہیں رکھ سکتی۔ شہیدوں کے خاندان کے سپوت موجودہ افواج کے کمانڈر کے پاس بھی سب ثبوت موجود ہوں گے اور عوامی خواہشات اور ملکی دفاع کے تقاضوں کے مطابق وہ ضروربالضرور جہاں دیگر دہشت گردوں کی صفائی کر رہے ہیں ان غداران ملک و ملت کی بھی ضرور سرکوبی کریں گے۔کہ اب تو یہ زہریلے سانپ بھارتی دودھ پی پی کر اژدے بن چکے ہیں مگر صرف واضح ایجنٹ قرار دیے گئے ہی گردن زدنی ہیں مگر عام کارکن جو کہ صرف برادری ازم کا شکار ہوکر ایسی پارٹیوں کا ساتھ دے رہا ہے اس کا کوئی قصور نہ ہے۔ان سے چھٹکارا پاتے ہی ملک ترقی پذیر ہو گا اور ہم انگریز اور اس کے ایجنٹوں کی غلامی سے صحیح نجات پاسکیں گے۔



جمعہ، 5 اگست، 2016

کشمیرکی آزادی اب دور نہیں

مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان وہ واحد مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ناصرف دونوں ملکوں میں بلکہ خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ ہر وقت رہتا ہے یہ بات ناصرف دونوں ملک جانتے ہیں بلکہ اس کا ادراک عالمی برادری کو بھی ہے گو کہ عالمی برادری کا دونوں ملکوں میں اپنے اپنے مفادات کا تحفظ بھی کرنا ہوتا ہے جن میں سب سے اہم خطے میں بھارتی کی بڑی تجارتی منڈی بھی ہے جو عالمی دنیا کے لئے کشش کا باعث ہے جس کی وجہ سے عالمی برادری کو اس مسئلے پر اس طرح کی حمایت کشمیریوں کے حصے میں نہیں آتی جس طرح کی دنیا کے دیگر اس طرح کے معاملات میں ہوتی ہے حال ہی میں بھارتی کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم میں تیزی کی وجہ سے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر عالمی برادری کی نظروں میں ہے اور قوام متحدہ سمیت دنیاکے سبھی بڑے ممالک یہ چاہتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ کسی نہ کسی طرح حل کیا جائے عالمی برادری نا صرف دونوں ملکوں کو دیکھ رہی بلکہ وہ کشمیری نوجوانوں کی ان قربانیوں کو بھی دیکھ رہی ہے جو دنیا کے سامنے نہتے ہونے کے باجود ظلم و جبر کو روک رہے ہیں اور اس ظلم کے سامنے اپنی جانیں قربان کر کے دنیاکو یہ بتا رہے ہیں کہ آزادی کی جنگ میں ان کی جانیں بھی حاضر ہیں کشمیریوں کے جذبہ حریت نے بھارت کو مدافعت پر مجبور کر دیا ہے اور وہ مذاکرات کی میز پر آنے کے لئے بے چین ہوا جا رہا ہے کیونکہ وادی میں بڑھتی ہوئی ہلاکتیں اس کے لئے دباؤ کا باعث ہیں ۔اب ایسی صورت حال میں پاکستان کے لئے لازم ہے کہ کشمیر پر سفارتی جنگ کا آغاز کرے اور اس سلسلے میں پارلیمانی وفود باہر بھجوائے جائیں پاکستان کو بھارت کے ساتھ بات چیت کشمیر پر مذاکرات سے مشروط کرنی چاہے ساتھ ساتھ سید علی گیلانی کی طرف سے پیش کردہ چار نکاتی فارمولے کو حقیقت کا رنگ دینے کے لئے کارروائی شروع کی جائے اب جبکہ ظلم حد سے بڑھ رہا ہے ایسے میں عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر عالمی کانفرنس بلانی چاہے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا جائے او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے اگر بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگے نہیں بڑھتا تو پاکستان کو ضرورت نہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ تعلقات بحال کرئے اب پوری دنیا کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ماننے لگی ہے اس کی بنیادی وجہ کشمیریوں کی لازوال جدوجہد ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے تحت استصواب کے ذریعے بھارتی تسلط سے آزادی نصیب ہوگی اور خود اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کے قابل ہوں گے کشمیریوں نے قربانیاں دے کر آزادی کی جدوجہد میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے کشمیر پر ایک متفقہ پالیسی بنائی جائے پاکستان کو عالمی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر کے لئے لابنگ کرنی ہوگی تاکہ مسئلہ کمشیر کا پر امن حل ممکن ہو سکے یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ کشمیر کاز پر پوری پاکستانی قوم میں اتفاق رائے ہے تمام سیاسی جماعتیں کشمیریوں کی سیاسی' اخلاقی اور سفارتی حمایت پر متفق ہیں اور اس بات پر بھی متفق ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کو حل ہونا چاہیے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و جور کا سلسلہ ختم کر نا ہو گا کشمیر کاز پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے بلاشبہ اطمینان بخش ہے لیکن اس کا عملی اظہار بھی ضروری ہے آج ضروت اس امر کی بھی ہے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششیں تیز تر کی جائیں' عالمی سطح پر پارلیمانی وفود بھیجے جائیں اور سید علی گیلانی کے تنازعہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں چار نکاتی فارمولے کو عمل کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے کوششیں کی جائیں اس ضمن میں یہ لازمی ہے کہ مغربی ممالک کے سفارتی نمائندوں کو بھی اس مسئلے کی سنگینی کا یقین دلایا جائے بھارتی فوج کے مظالم رکوائے جائیں اس کے لئے یہ لازم ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور اسکے دیگر اداروں میں مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے یہ تب ہی ممکن ہے جن دوسرا فریق یعنی پاکستان عالمی برادری کو اس طرف متوجہ کرئے گا اب کی بار شاید قدرت نے بھارت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے اس کے مظالم اور اس کا تشدد عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں رائے عامہ کو مزید ہموار کر رہے ہیں عالمی براری پر یہ واضح ہو رہا ہے کہ جس تنازعہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قراردادیں منظور کر رکھی ہیں کشمیری عوام ان قراردادوں پر عمل کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اور بھارت ان پر بلاجواز تشدد کر رہا ہے اب جبکہ گزشتہ کئی روز سے کشمیر میں انڈیا کے ظلم و جبر میں کوئی کمی نہیں آئی اور کشمیر میں حالات معمول پر نہیں آرہے ہیں
کشمیری نوجوان یہ جانتے ہیں کہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا چاہے اس کے لئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ ہی کیوں نہ پیش کیا جائے آج کے حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے اس کے لئے عالمی برادری میں وفود بھیجے جائیں جو دنیا کو بتا سکیں کہ کشمیر میں بسنے والے لوگ بھی انسان ہیں جیسے دیگر اقوام کو حق خود ارادیت حا صل ہے ویسے ہی کشمیریوں کو بھی حق خود ارادیت ملنا چاہے اور ان کو تو یہ حق خود عالمی ادارے نے دیا تھا جس کی قرار دادیں آج اس سے چینخ، چینخ کر کہہ رہی ہیں کہ دنیا کے منصفوکشمیر کی جلتی وادی میں بہتے ہوئے خون کا شور سنو۔ 

پیر، 1 اگست، 2016

اسلامی یونیورسٹی مکافات عمل کے گرداب میں


تاریخ شاہد ہے کہ جب اہل حق سچی بات کہنے سے اعراض کرنے لگیں یا حق بات کرنے والوں کے خلاف معاشرہ یک جان ہوکر ظالم و طاقت ور کی ہمنوا بن جائے تو ایسے میں اس سماج کی پستی و تنزلی یقینی ہوجاتی ہے۔ایساہی معاملہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ایک مدت سے جاری ہے مگر اس پر ظالموں کے ظلم پر مجرمانہ خاموشی اور ظالم کی مدد کرنے کا رویہ اپنے اقبال عروج پر ہے۔اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں فرمایا ہے کہ تلک الایام نداولہا بین الناس’’لوگوں پر ایام (دنوں) کوتبدیل کیا جاتاہے‘‘۔اسلامی یونیورسٹی میں فردواحد کرپشن و لاقانوینیت ،رشوت بازاری اور گھٹیا سیاست و فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے خلاف آواز حق بلند کرئے تو اس کو مسل دیا جاتاہے جبکہ اگر طلبہ ہوں یا اساتذہ،آفیسر ہوں یا ملازمین اگر ناجائز مؤقف ومطالبات جو کہ ان کے شخصی و تنظیمی مفادات پر مبنی ہوں پر بھی یک قلب و جان ہوکر ندائے بلند کریں تو سبھی ان کی قدم بوسی کیجاتی ہے۔
حال ہی میں اسلامی یونیورسٹی میں تین اہم واقعات پے درپے رونما ہوئے اول اساتذہ کی ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی انتظامیہ کیخلاف صدائے احتجاج بلند کیا کہ ان کو اساسی و بنیادی حقوق جو دیگر یونیورسٹیوں میں استاذوں کو حاصل ہیں ان سے محروم رکھاگیا ہے۔اس سلسلہ میں نمایاں طورپر وہی اساتذہ جو طلبہ کو تختہ مشق بناتے ہیں ،صدر جامعہ اور اس کے اعلی کاروں کی خواہش پر طلبہ کو یونیورسٹی سے بے دخل کرتے ہیں پیش پیش تھے،جس میں ڈاکٹر نوید اقدس ملک ،ڈاکٹر ظفر اقبال،ڈاکٹر ظاہر خلیلی،ڈاکٹر منور اقبال گوندل قیادت کرتینظر آئے۔جناب والا یہاں یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ
ظلم پھرظلم ہے بڑھتاہے تو مٹ جاتاہے
آپ نے جب طلبہ کے خلاف ناجائز ایکشن لیا اور ان کو یونیورسٹی سے بے دخل کیا اور ان کے مستقبل کو تباہ و برباد کیا اور ان کے پاک و صاف دامن پر گندگی لگانے کی سعی کی تو رب کریم کا بنایا گیا قانون مکافات عمل تو موجود ہے اس سے پہلوتہی و ناواقفیت کی سزا تو آپ کو ضرور ملے گی۔
دوسرا معاملہ سوشل میڈیا پر ضرور شور سے جاری ہے جس کے نتیجہ میں ایک فی میل طلبہ کے ساتھ نامناسب تعلق قائم کرنے کی کھٹیا کوشش و خواہش ایڈمن و اساتذہ کی طرف سیظاہر ہوئی جس پر اس طلبہ نے احتجاجاً فیس بک کا سہارا لیا اور اپنی مظلومیت کا رونارویا جس پر کافی طویل بحث و تمحیص تاحال جاری ہے اور اس بارے میں بھی چہ مگوئیاں ہیں کہ یہ اکاؤنٹ فیک ہے اور ایسا کوئی معاملہ ہوا ہی نہیں ہے اور اس کی مزید حقیقت مستقبل قریب میں کھل کر واضح ہوجائے گی۔البتہ میں اتنا ضرور لکھنا چاہتاہوں کہ میرے آٹھ سالہ تجربہ و مشاہدہ سے یہ بات تو ثابت ہوتی ہے کہ اسلامی یونیورسٹی میں اساتذہ،انتظامیہاور یہاں تک کے صدر و ریکٹر تک کے لوگوں کے بارے میں کیسز سامنے آئے کہ وہ طالبات سے ناجائز تعلقات قائم کرتے نظر آتے ہیں۔اس سلسلہ میں کچھ کرداروں کے خلاف ایکشن بھی لیا گیا مگر وہ ایکشن اعزاز و تفاخر سے کم نہ تھا کہ مکمل عزت و احترام کے ساتھ ان کو ریٹائر کردیا گیا ۔ابھی بھی بہت سی گھتیاں سلجھنا باقی ہیں۔طالبات کے ساتھ غلط تعلقات قائم کیے جاتے ہیں مگر اس کا اظہار اغلب اکثریت اس لئے نہیں کرسکتی کہ ان کے مستقبل پر بہت بڑا داغ ثبت ہوجائے گا۔
یہ بات بالکل درست نہیں ہے کہ اگر فیک اکاؤنٹ سے کوئی آواز بلند کی گئی ہے تو اس سے تغافل برتاجائے نہیں عین ثواب ہے کہ مسئلہ سچا و درست ہو مگر وہ طالبہ اپنی عزت و عصمت کا تحفظ کرنا چاہتی ہو تو لہذا اچ ای سی اور وفاقی محتسب کو چاہیے کہ وہ اس مسئلہ کی غیرجانبدارانہ طور پر تحقیقات کرائے ۔تاکہ اسلامی یونیورسٹی کے نام پر بدنما داغ و کلنک لگانے والے عبرت کو نشان بنیں۔
تیسرا مسئلہ بھی اول مسئلہ کے مشابہ ہے اور مجھے حیرت ہورہی ہے کہ جس جماعت کے اتحاد و کوششوں سے ڈاکٹر ظفر اقبال اساتذہ کی ایسوسی ایشن کے صدر بنے اسی جماعت کے طلبہ آج سرپائے احتجاج ہیں کہ ان کے خلاف کاررائی کی جائے ۔بہر حال معاملہ جو بھی ہو اسلامی جمعیت طلبہ سمیت تمام طلبہ تنظیموں سے التماس و گذارش ہے کہ جائز مقاصد کے لئے ڈٹ جانا چاہیے ،عمرہ پیکج،فیس کی معافی،ہاسٹل کمروں کی ناجائز الاٹ منٹ،صدر جامعہ اور اس کے حواروں کی کاسہ لیس ترک کرکے طلبہ کے حق کی آواز کو بلا کسی مصلحت غیر بلند کرنے کو اپنا شعار بنائیں خواہ وہ طالب علم فکر و نظر میں آپ کا ہمنوا ہے یا نہیں اگر وہ بات درست کررہاہے اور اس کے ساتھ اس لئے زیادتی و نا انصافی کی جارہی ہے کہ وہ اکیلا ہے تو اس کو کچل دیا جائے تو آپ کو اس کی جائز معاملات میں مدد کرنی چاہیے۔جس کا اجر آپ کو وہ طالب علم دینے سے رہامگر روزمحشر کونواقوامین بالقسط ’’ہوجاؤ انصاف و عدل قائم کرنے والوں میں سے‘‘کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ اجرعظیم عطافرمائیں گے۔
دیس کی بات
عتیق الرحمن
atiqurrehman001@gmail.com
0313-5265617

منگل، 29 مارچ، 2016

را ایجنٹ کی گرفتاری اور ایرانی سرزمین کا استعمال



گزشتہ دو عشروں سے پاکستان کو بدترین دہشت گردی و بدامنی کا سامنا ہے۔افغانستان و روس جنگ اور پھر امریکہ و افغان جنگ کی وجہ سے ارض پاک میں جنگی جنون رکھنے والے افراد کی کھیپ تیار ہوئی اور وہ بلآخر اس قدر طاقتور بنی کہ اس نے ملک پاکستان کے گلی کوچوں، مسجدوں اور بازاروں میں بے گناہ لوگوں کے خون بہانے کو جائز تسلیم کرتے ہوئے پانی کی طرح بہایا جس کے نتیجہ میں ہمیشہ ملک پاکستان کے ذمہ دار ادارے اصلی مجرموں پر گرفتار کرنے یا ان کے گرد دائرہ تنگ کرنے کی بجائے ہمیشہ اسلام پسندوں کو ہی مجرم و ملزم ٹھہرا تیر ہی اور اس امر میں بھی شک نہیں ہے کہ مسلم نوجوانوں کے جذبات کو برانگیختہ کر کے ان سے کسی بھی بڑے سے بڑے جرم کا اسلام کے نام پر اور جنت کی جعلی تکٹ کے وعدوں پر ان کو انتہاپسندی کی طرف مائل کیا جاتا رہا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور و فکر ہے کہ سیاستدان اور بعض مذہبی و سیکولر جماعتیں ایک دوسرے کی حرص و ضد میں آکر حقیقت حال سے عوام الناس کی توجہ کو موڑکر ان کے سامنے من گھڑت اور پر فریب قصے اور کہانیوں کے سہارے غلط رہنمائی کرتے رہے جس کے نتیجہ میں ملک پاکستان کا حقیقی و اصلی دشمن ہماری آنکھوں کے سامنے رہ کر شب و روز وطن پاک کی مقدس سرزمین کو خاک و خون سے لت پت کرتا رہا۔
یہاں یہ بات بتاتے ہوئے کوئی تعجب و حیرت نہیں ہو رہی کہ جس بات کو آج کا میڈیا اور سیاستدان طبقہ بڑے شدو مد کے ساتھ بھارت کے خلاف بیان بازیاں کر رہے ہیں کہ پاکستان کو بدامنی سے دوچار کرنے اور دہشت گردی کی لپیٹ میں دھکیلنے والے انڈیا کی ایجنسی کے اہلکار ملوث ہیں اور جس کا عملی ثبوت راکے حاضر سروس افسر کی بلوچستان سے گرفتاری کی صورت میں ظاہر ہوا ہے۔
پاکستان کے آرمی چیف نے ایران کے صدر کو بھی مطلع کردیا ہے کہ انڈیاکے ایجنڈ پاکستان کی سرزمین کو تہہ تیغ کرنے کی خاطر بذریعہ ایران سے پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور یہ امر ہمارے لئے باعث تشویش ہے اور اس کا ظاہری نتیجہ یہ نکلے گا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔
ایسے میں لازمی ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور سیکولر طبقوں جو ابھی بے حث و بے غیرت ہوگئے ہیں کہ اگر پاکستان اور اسلام کے خلاف کوئی سازش ترتیب دینی ہوتو پیش پیش نظرآتے ہیں مگر پاکستان اور اسلام کی سربلندی کا پہلو ہو یا پھر ان کے آقا مغرب ،امریکہ ،اسرائیل ،بھارت اور ایران کے خلاف کوئی بات جاتی ہو تو اس پر ان کے لبوں کو تالے لگ جاتے ہیں کو چاہیے کہ ان دونوں ملکوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ جس کا عملی اظہار محب وطن پاکستانی ہندورہنمانے اپنے ایک اخباری بیان میں جاری کیا ۔پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی “را”کے اہلکار کی گرفتاری کی خبروں پر سخت اظہارِ تشویش کرتے ہوئے پاک بھارت امن عمل کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پٹھانکوٹ حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو بذات خود ٹیلیفون کرکے تعاون کی پیشکش کی، اسی طرح مودی کو بھی فون کرکے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنٹ کی گرفتاری پر اپنا موقف دیکر تحقیقات میں تعاون کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ خطے کا مستقبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے وابستہ ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی کا مبینہ طور پر راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے میں پاکستانی سرزمین پر عملی کردار اداکرنے کی اطلاعات تشویشناک ہیں، پاکستان ہندوکونسل بارہا انتباہ کرچکی ہے کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے مابین امن قائم ہونے کی توقع ہونے لگتی ہے، نادیدہ ہاتھ سرگرم ہوجاتے ہیں۔
 ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے پاک بھارت کو قریب لانے کیلئے اپنے عملی تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایسے ناپسندیدہ عناصر کا سدباب مشترکہ طور پر کریں، ایسے حالات میں چین سے بھی مدد لینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہونا چاہیے۔
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اول پاکستان کی شیعہ برادری ایران سے احتجاج کریں کہ مسلکی و مذہبی وابستگی و احترام اپنی جگہ پر مسلم ہے مگر وطن عزیز کے خلاف استعمال ہونے والی سرزمین کے ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔اور ضرورت پڑنے پر پاکستان کے دفاع و سلامتی کی خاطر ایران و انڈیا دونوں سے نبردآزما ہوجائے گا۔
اس کے ساتھ ہی انتظامیہ اور ایجنسیوں سے دردمندانہ التجا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پاکستان کے معزز اور پر امن شہری اور اسلام پسندوں کو ہراساں کرنے اور ان کو گھروں سے غائب کرنے کی بجائے ملک پاک کے حقیقی دشمنوں کے خلاف صف بستہ ہوجائیں اور ان شااللہ پاکستان کا ہر بچہ وطن کی مٹی پر قربان ہو جائے گا۔