منگل، 16 اگست، 2016

سود پرمبنی معیشت حرام کیوں؟

دنیاکے سبھی ممالک عمومی اور اسلامی ممالک خصوصی طور پرایک طویل مدت سے قعر مذلت میں مبتلا نظر آتے ہیں ۔جس کی متعدد شکلیں اور صورتیں متعارف ہوچکی ہیں۔کہیں سیاسی و معاشرتی بدامنی و استحصال کی لعنت ہے تو کہیں کرپشن و لوٹ کھسوٹ کی ریل پیل ،کہیں ظلم و جور کا بازار گرم ہے تو کہیں عدل و مساوات کی کمیابی ،کہیں خودکشی و قتل و قتال اور قانون کو ہاتھوں میں لینے کی عادت تو کہیں دووقت پیٹ کی بھرتی کے لئے اپنی دوشیزاؤں کی فروخت بازاری،کہیں سیاست تو کہیں مذہب کے ٹھیکہ داروں نے انسانیت کی فکری و نظری آزادی کو سلب کررکھا ہے تو کہیں فوجی و جمہوری طاقتوں نے جبرواستبداد کا شکنجہ عوام پر کس لیا،کہیں دہشت گردی کے خونچکاں واقعات ہیں تو کہیں انسانوں کو تاابد غلام رکھنے کے لئے سیاسی و قومی،لسانی و مذہبی گروہوں میں بندربانٹ دیاگیا۔یہ سب تباہی و بربادی اور تقھقرو ھبوط صرف اس لئے ہے کہ ہم نے باوجود اپنے آپ کو اسلام جیسے آفاقی و عالمی تاامروز رہنے والے دین سے تعلق کا راگ الاپتے نہیں تھکتے مگر ہم اسی دین حق کی اساسی و بنیادی تعلیمات سے موانحراف برتتے ہیں۔انہیں امراض و بیماریوں کے ظہور و وجود میں آنے کا سبب خود باری تعلی نے یوں ذکر کردیا کہ جو لوگ میرے ذکر(قرآن )سے منحرف ہوں گے تو میں ان کی معیشت کو تنگ کردوں گا ۔ایسا کیوں نہ ہو کہ معاشرے نے اس قبیح فعل کو ببانگ دہل اور کھلی اعلانیہ بغاوت کے طور پر سود(ربا) کو اپنے اوپر حلال کرلیا جبکہ اسی سے متعلق اللہ جل شانہ نے ارشاد فرمایا کہ سود خور اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ جنگ کے لئے کمربستہ ہوجائیں۔ 
سود کیا ہے؟
سود وزن کی جانے والی یا کسی بھی پیمانہ سے ناپی جانے والے ایک جنس کی چیزیں اور روپے وغیرہ میں دوآدمیوں کا اس طرح معاملہ کرنا کہ ایک کو عوض کچھ زائد لوٹایاجائے اسی کو انگریزی میںInterestکہتے ہیں۔اسی طرح بینک سے قرض لینے یا اس میں جمع شدہ مال پر پہلے سے طے شدہ منافع حاصل کرنا بھی سود ہے۔سود ی معیشت ایک ایسا مذل عمل ہے جو تمام پوری دنیا میں بڑی تیزی کے ساتھ فروغ پاتا جارہاہے۔سودی لین دین کی دلدل میں انسانیت کے سبھی طبقات دھنسے ہوئے ہیں۔اس سودکی نحوست و مضمرات سے تغافل کے نتیجہ میں معاشرے کے انفرادی و اجتماعی ادارے ذلت و پستی اور تنگی و بے سکونی سے دوچار ہیں۔معیشت کی گراوٹ و ناکامی کا سبب بھی سودی معاملات کا جاری رکھنا ہے کیوں کہ رب رحمن نے سود خوروں سے اپنی اور اپنے نبی ؐ کی طرف سے جنگ کا اعلان جو کردیا ہے۔ربا ایک ایسا لاعلاج مرض ہے جو مال و رزق میں تنگی کا باعث بنتاہے اور اسی کے ساتھ مال و دولت سے برکت بھی جاتی رہتی ہے۔تمام انبیاء علیہم السلام کی تعلیمات میں سود و نفع خوری کی سخت حرمت کے احکام موجود ہیں۔بدقسمتی کی بات ہے کہ موجود ہ اسلامی ممالک کی معیشت و کاروبار کی بنیاد بھی اسی سودی نظام پر قائم ہے ۔اسی لئے لازمی ہے کہ اس اہم موضوع پر بات کی جائے اور کے نقصانات و مسائل سے ہر مسلمان و انسان کوباخبر ہونا چاہیے تاکہ وہ لین دین کے معاملہ میں سودکے اثرات و شروراور ضرر سے محفوظ رہ سکیں۔
سود ی لین دین پر میثاق مدینہ کا ٹوٹنا:
نبی اکرمؐ نے مکہ سے ہجرت مدینہ کی طرف کی اور وہاں پہنچ کر جن اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ان میں مسلمانوں کی حیثیت کو تسلیم کراتے ہوئے قبائل سے میثاق و معاہدہ کیا جو میثاق مدینہ کے نام سے مشہور ہے ۔اس معاہدہ میں جس قدر شدید مؤقف سودی لین دین کے خاتمے سے متعلق مستقر ٹھہرایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی چونکہ سود کی حرمت کا حکم سابقہ ادیان میں دیے جانے کے ساتھ اسلام میں بھی اس کو حرام قرار دیا گیا۔میثاق مدینہ کے تمام مندرجات میں لچک و روادری کی گنجائش رکھی گئی کہ اگر ایک فر دمعاہدہ کے بعد قتل یا چوری یا کوئی اور ظلم و زیادتی و دست درازی کا مرتکب ہوگا تو اس کی سزا صرف اس کو ہی دی جائے گی اور باقی قبیلہ کے افراد مامون و محفوظ ہوں گے۔سودی کاروبار یا تجارت کے متعلق سختی اور پوری قوت کے ساتھ بات طے کردی گئی کہ اگر کوئی بھی ربا(سود) کو اختیار کرے گا تو معاہدہ بلاتاخیر ختم کردیا جائے گا۔
سودقرآن مجید کی روشنی میں:
اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں اور نبی اکرمؐ نے احادیث طیبہ میں سود کی حرمت کو مفصل انداز میں بیان کیا ہے.سورہ البقرہ کی آیت نمبر 275-279میں بیان کیا ہے کہ’’جولوگ سود کھاتے ہیں وہ قبروں سے اس طرح حواس باختہ اٹھیں گے جیسے کسی کو جن نے لپٹ لر دیوانہ بنادیا ہو۔یہ اس لئے کہ وہ کہتے ہیں کہ سودا بیچنا بھی تو نفع کے لحاظ سے ویسا ہی ہے جیسے سودلینا حالانکہ سودے کو اللہ نے حال کیا ہے اور سود کو حرام تو جس شخص کے پاس اللہ کی نصیحت پہنچی اور وہ سود لینے سے باز آگیا تو جو پہلے ہوچکاوہ اس کا۔اور قیامت میں اس کا معاملہ اللہ کے سپرد اور جو پھر لینے لگا تو ایسے لوگ دوزخی ہیں کہ ہمیشہ دوزخ میں جلتے رہیں گے۔اللہ سود کو نابود یعنی بے برکت کرتااور خیرات کی برکت کو بڑھاتاہے اور اللہ کسی ناشکرے گناہگار کو دوست نہیں رکھتا۔جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے اور نماز پڑھتے اور زکوٰۃ دیتے رہے ان کو ان کے کاموں کا صلہ اللہ کے ہاں ملے گااور قیامت کے دن ان کو نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غم ناک ہوں گے۔مومنواللہ سے ڈرو اور اگرایمان رکھتے ہوتوجتنا سود باقی رہ گیا ہے اس کو چھوڑ دو۔پھر اگر ایسا نہ کروگے تو تم اللہ اور اس کے رسول ؐ کی طرف سے اعلان جنگ سن لواور اگر توبہ کرلوگے اور سود چھوڑ دوگے تو تم کو اصل رقم لینے کا حق ہے جس میں نہ اوروں کا نقصان اور نہ تمہارا نقصان‘‘۔اور اسی طرح سورہ الروم کی آیت نمبر39 میں بھی بیان کیا گیا ہے کہ’’اورجو سود تم دیتے ہولوگوں کے مال میں بڑھے تو اللہ کے نزدیک تو وہ بڑھتابھی نہیں اور جو تم زکوٰۃ دیتے ہو اللہ کی رضا مندی طلب کرتے ہوئے تو وہ موجب برکت ہے اور ایسے ہی لوگ اپنے مال کو کئی گناکرنے والے ہیں‘‘۔اور سورہ آل عمران کی آیت (130-131) میں بھی بیان ہے کہ ’’اے ایمان والو!دوگناسودمت کھاؤ،اور اللہ سے ڈروتاکہ تم کو کامیابی حاصل ہو اور ڈرو اس آگ سے جو کافروں کے لیے تیار کی گئی ہے‘‘۔
سود سنت نبوی کی روشنی میں:
صحیح مسلم میں حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ’’نبی کریمؐ نے لعنت بھیجی ہے سود کھانے والے،سودکے لین دین میں گواہ بننے والے،سودکے معاملہ کو لکھنے والے اور سود ی کارابار کے مشاہدہ کرنے والے پر اور یہ سب لعنت کے مستحق ہیں۔ صحیح بخاری میں حضرت سمرۃ بن جندبؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ؐ نے فرمایا کہ ’’ رات میں نے خواب میں دیکھا دو آدمی میرے پاس آئے اور مجھے ایک مقدس جگہ کی طرف لے گئے حتی کہ ہم ایک خون کی نہر کے پاس پہنچے جس میں ایک آدمی ایک آدمی کھڑا تھا اور ایک آدمی مہر کے کنارے موجود تھااور اس کے سامنے پتھر موجود تھے ،جو شخص نہر میں موجود تھا وہ نہر سے نکلنے کی خاطر چلتا ہوا نہر کے کنارے کی طرف آتاتھا تو باہر موجود شخص اس کے چہرے پر پتھربرساتا تھا جس کے سبب وہ آدمی دوبارہ خون کی نہر میں چلا جاتا،اسی طرح جب بھی وہ باہر نکلنے کی سعی کرتا تو باہر موجود شخص اس پر پتھر برساتا جس سے نہر میں سے وہ آدمی نہیں نکل سکتاتھا۔تو میں نے دریافت کیا کہ یہ کون ہیں تو مجھے بتایا گیا کہ نہر میں موجود شخص (جس پر سنگ باری کی جارہی ہے )وہ سود خور ہے‘‘۔بخاری و مسلم دونوں میں وارد ہے کہ نبی کریم ؐ نے ارشاد فرمایا کہ سات قسم کے گناہوں سے بچوجوانسانوں کو ہلاک کرنے والے ہیں۔صحابہ نے استفسار کیا کہ وہ کون سے گناہ ہیں تو آپؐ نے فرمایاکہ’’ (۱)شرک کرنا(۲) جادوکرنا(۳)کسی شخص کو ناحق قتل کرنا(۴)سودکھانا(۵)کے کا مال ہرپنا(۶)میدان جنگ سے فرار ہونا(۷)پاک دامن عورتوں پر تہمت لگانا‘‘۔طبرانی میں روایت ہے کہ حضورؐ نے ارشاد فرمایا کہ سود کے ۷۰ درجے ہیں جس میں ادنی درجہ یہ ہے کہ انسان اپنی ماں کے ساتھ زنا کرے‘‘۔امام احمد فرماتے ہیں کہ محبوبؐ نے فرمایا ہے کہ ’’ایک درہم سود کھانے کا گناہ چھتیس مرتبہ زناکرنے سے زیادہ ہے‘‘۔
سود کی حرمت کا سبب:
سود اس لئے حرام کیا گیا ہے کیوں کہ اس میں استحصال اور ظلم کا عنصر پایا جاتاہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے ظلم کو حرام قرار دیا ہے اپنے بندوں پر۔اس کی حرمت کا سبب یہ بھی ہے کہ سودی لین دین کی خواہش رکھنے والے غبن(قبضہ و ارتکاز) کرتے ہیں لوگوں کے مال کو اور اس کے ساتھ وہ اپنے مال کی حفاظت کے ارادہ سے سود کا کاروبار کرتے ہیں ۔بہرحال سود ایک ایسا غلیظ جرم ہے جو اللہ تعالیٰ کے مرتب کردہ سنن و منہج سے ٹکراتاہے یعنی یہ فطرت انسانی کے ہی خلاف ہے کہ ایک انسان دوسروں کی کمائی بغیر محنت کے نفع حاصل کرکے گل چھڑے اوڑائے ۔
سود کے نقصانات ملکی معاملات میں:
سود ملکوں کے درمیان معاملات کا سب سے بڑا ذریعہ بن چکا ہے اور یہ سیاسی غلبہ حاصل کرنے کا بھی بنیادی ہتھیار ہے۔جو شخص بحث و تمحیص اور تحقیق کا عادی ہے وہ یہ بآسانی جان سکتاہے کہ یہودی استعماری طاقتوں نے زمانہ قدیم اور جدید یعنی عصر حاضر میں کس طرح دولت کی گردش کو جامد کرکے اس کا تمام فائدہ اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں ۔اسی ذریعہ سے ماضی میں برطانیہ اور فرانس نے شرق اوسط اور شرق اقصیٰ میں غلبہ حاصل کیا۔اس کے ساتھ استعماری قوتیں اسلامی ممالک میں تاجروں کے ذریعہ سے سود و نفع حاصل کرتی ہے کہ مشرقی ممالک سے سستے داموں اشیاء خرید کران کو واپس انہی کو مہنگے دام میں فروخت کرتے ہیں۔اسی طرح تیسرے طریقے میں بڑے منافع خوروں نے ایک سبیل یہ پیدا کی کہ بنکنگ کے نظام کو متعارف کروایا اور اس طرح سے غریب و کمزور ممالک کوبہت زیادہ سود پر قرضے جاری کرتے ہیں اوریہ ایک ایسا ظالمانہ طریقہ ہے استعمار کا کہ وہ سرمایہ داروں کے مال و متاع کابذریعہ سود تحفظ کرتے ہیں ۔ 
دعوتِ فکر:
مندرجہ بالابحث سے معلوم ہواکہ سودی لین دین بہت بڑا ظالمانہ نظام ہے اور یہ ایک عذاب الیم ہے جو کہ مسلمانوں پر مسلط ہوچکا ہے استعمارو سرمایہ دار کی جانب سے کیوں کہ مسلمانوں نے اسلامی تعلیمات سے دوری و پہلوتہی اختیار کی ہوئی ہے،تو ایسی صورتحال میں ممکن نہیں کہ اسلامی ممالک کے حالات بہتر ہوں یا وہ ترقی کی منازل طے کرسکیں الا یہ کے وہ اسلامی احکامات اور رجوع الی اللہ کریں۔اور اپنے مال و منال کو سود سے پاک کریں،یہ ذمہ داری تمام مسلمانوں پر انفرادی و اجتماعی دونوں اعتبار سے عائد ہوتی ہے۔یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ جس بھی سماج کو اللہ ہلاک و برباد کرنے کا ارادہ کرلیتے ہیں تو اس میں سود کو ظاہر کردیتے ہیں۔اور جس بھی قوم نے ایک بار سود کو اپنالیا وہ ہمیشہ کے لئے اس میں دھنس جاتے ہیں اور چاہ کر بھی اس سے چھٹکارا نہیں پاسکتے یہی صورت حال ہمارے اسلامی ممالک کی ہے۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور سودی کاروبار سے قطع تعلقی کا فیصلہ و اعلان کریں کیوں کہ جو مالی و اخلاقی اور اجتماعی و سماجی مسائل انہیں درپیش ہیں ان کے پس پردہ یہی سودی نظام معیشت کو اختیار کرنا ہے اور اللہ تعالیٰ سود کو اختیار کرنے والوں پر ذلت و پستی اور عذاب مسلط کردتے ہیں۔قرآن حکیم میں ارشاد ربانی ہے کہ ’’جو ہماری نصیحت(ذکرو قرآن)سے اعراض کرے گا ہم اس پر معاشی تنگی مسلط کردیں گے‘‘۔ تمام انسانوں پر فرض ہے کہ وہ سودی معاملات خواہ چھوٹی سطح پر ہوں یا بڑی سطح سے فی الفور تائب ہوکر کنارہ کشی اختیار کریں ۔معاشرے کے معاشی پریشانیوں سے نجات کے لئے قرض حسنہ،العفو،زکوٰۃ و صدقات کی ادائگی کو لازم پکڑیں اورکفایت شعاری وقناعت پسندی کوشعار بنالیں اور اسراف و تبزیراور تقتیر سے مجتنب ہوں۔


تحریر:عتیق الرحمن
ریسرچ سکالروحدانی نظام تعلیم فورم پاکستان

ہوسِ اقتدار، سازشیں اور احتجاجی تحریکیں


اقتدار کی ہوس ایک ایسی لعنت ہے جس نے حکمرانوں کے دلوں سے قناعت کی دلکشی چھین لی ہے۔ اُصول پرستی عملاً ختم ہو گئی ہے۔ ہمارے ملک کا ہر سیاستدان داؤ پر ہے اس کے سامنے ایثار اور قربانی کا کوئی جذبہ نہیں ہے۔ انسانیت سے محبت کا جذبہ ناپید ہو چکا ہوتا جا رہا ہے۔ اقتدار کی ہوس میں حکمران طبقہ سب کچھ کر گذرنے پر تُلا ہوا ہے۔ زندگی کا کوئی شعبہ لے لیجئے وہاں بدنظمی اپنے کمال پر نظر آ رہی ہے۔ رشوت، اقربانوازی، فریب او ر بے ایمانی اس قدر عام ہے کہ خوف خُدا دلوں میں باقی نہیں رہا۔ الغرض ہمارے معاشرے کا ہر رُخ داغدار اور ہر انداز افسوس ناک ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں بدکردار، چور، ڈاکو جن کو جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا وہ اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ خلق خُدا سراپا احتجاج ہے مگر ان کے کانوں پر جون تک نہیں رینگتی ۔ خوابِ خرگوش کے مزے لینے والے یہ حکمران فرعون کے مظالم کو بھی پیچھے چھوڑتے جا رہے ہیں۔ کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ انصاف کی مسند پر بیٹھے ہوئے قاضی آج خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ معاشرے کے ایسے بگڑے ہوئے خال و خط کسی نہ کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو ا کرتے ہیں۔
آج ہمارے ملک کے حکمرانوں نے ملک کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے۔ ملک سے دولت کو لوٹ کر بیرون ملک بنکوں میں اپنی ناجائز دولت کو چھپا یا جا رہا ہے۔ کہیں سرے محل ، کہیں آف شور کمپنیوں کے چرچے زبان و زد وعام ہیں۔ ہمارے ملکی ادارے نااہل کرپٹ لوگوں کے حصار میں ہیں۔ آج پانامہ لیکس کے ذریعے ہمیں ہمارے حکمرانوں کے بدنما داغ سے آلودہ چہرے دکھائے جا رہے ہیں جنکو ہم نے صادق اور امین بنا کر اقتدار پر بیٹھایا ہو اہے۔ دراصل یہی لوگ ملک کے سب سے بڑے ڈاکو اور لُٹیرے ہیں جو آج فرعون ثانی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ زمانہ قدیم میں جرائم پیشہ افراد، چوراور ڈاکو پہاڑوں اور جنگلوں میں رہا کرتے تھے۔ یہی جگہیں ان کے لیے محفوظ پناہ گاہیں تھیں مگر آج چور اور ڈاکوؤں نے ہمارے اقتدار کے ایوانوں میں پناہ گاہیں تلاش کر لی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ان کا محاسبہ نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کئی لبادے اوڑھ رکھے ہیں۔ یہ قوم کے مسیحا کے روپ میں وہ درندے چھپے بیٹھے ہیں جن کے ہاتھ خلق خدا کے خون سے رنگین ہیں ۔ کراچی کی صورت حال ہو یا ماڈل ٹاؤن کا واقعہ ان درندوں نے انسانیت کو شرما کر رکھ دیا ہے۔ جنگل کے قانون میں بھی مقافات عمل کا نظام رائج ہے جو جانور ظلم کرتا ہے اک نہ اک دن وہ بھی گرفت میں آجاتا ہے مگر ہمارے ہاں تو چودہ افراد کو لاہور میں دن دیہاڑے قتل کر دیا گیا مگر آج تک وہی لوگ اقتدار پر بُرجمان ہیں جن پر قتل عام کا الزام ہے۔
لاقانونیت کی اس سے بڑی مثال کیا ہو سکتی ہے کہ انصاف مانگنے والوں کو دیوارکے ساتھ لگا دیا گیا ہے۔مظلوموں کی چیخ و پکار سننے والا کوئی نہیں۔حالانکہ انصاف بانٹنے والے تمام ادارے موجود ہیں مگر ایک مخصوص طبقہ ہر قسم کی قانونی گرفت سے ستر سال سے محفوظ نظر آ رہا ہے۔ قانون کی پاسداری صرف اورصرف غریب اور محکوم طبقہ تک ہی قائم ہے ۔ دوچارسوروپے رشوت لینے والا پکڑا جاتا ہے جبکہ اربوں کی کرپشن کرنے والا دولت کی چمک دکھا کر اقتدارکے ایوانوں میں پناہ لے کر تاحیات محفوظ رہتا ہے۔لوٹ مار،قتل و غارت گردی اک ہی راستہ باقی بچا ہے کہ عوام کو اب اس ظلم و بربریت کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔ یہ گلہ سڑا بدبودار نظام اب مزید عوام کی سکت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ اگست کا مہینہ ہماری تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اسی مہینے میں پاک و ہند کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوتے دیکھا تھا۔ آج پھر یہ مہینہ اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلا کر ملک میں حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہونے کی بشارت دے رہا ہے۔ بشرطیکہ عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں۔
ْ؂ وقت کرتا ہے پرورش برسوں 
حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
آج وقت ہے کہ عوام تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان ظالم حکمرانوں کو اپنے اعمال کا ثمر چکھائیں جنہوں نے پاکستان میں ہر پیدا ہونے والے بچے کو بھی ایک لاکھ بیس ہزار کا مقروض بنا دیا ہے۔ لوٹ مار اور کرپشن مافیاء اک بار پھر سرجوڑ کر بیٹھ گیا ہے اور احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے گھناونی سازشوں میں مصروف ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق موجودہ حکمران اور مک مکا"دبئی والی سرکار" آج بھی ایک صضحہ پر نظر آ رہے ہیں اور احتجاجی تحریک کو ختم کرنے کے لیے گھناونی سازش ترتیب دی گئی ہے۔ جس کے مطابق احتجاج کے دوران خاص طور پر پنجاب میں مصنوعی سیلاب کی صورت حال پیدا کی جائے گی یعنی مختلف نہروں اورندی نالوں کے بند توڑ کرسیلابی پانی آبادیوں میں داخل کیا جائے گا اور اسطرح بڑی تعداد میں پنجاب کے بہت سے دیہات متاثر ہونگے اورسیلاب سے بھاری اموات کا بھی خطرہ مول لیا جائے گا اور اس طرح عوام کی توجہ احتجاج سے ہٹا کر مصنوعی سیلاب پر مرکوز کرکے احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کی گھناونی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے۔ اللہ کرے ایسانہ ہو۔ حکمرانوں کی تمام حفاظتی تدابیر ناکام ہوں اور میرے ملک کے عوام کو اللہ پاک سیلاب جیسی آفت سے محفوظ رکھے تاہم یہ گھناونی سازش تیار کی جار ہی ہے۔ خدشہ ہے کہ اس سلسلے میں حکمران اپنے ہمسایہ ملک کی بھی مدد حاصل کریں گے جو ہر سال پاکستان کی طرف اضافی پانی چھوڑ کر تباہی و بربادی کا ساماں پیدا کرتا رہتا ہے۔
اب کی بار شریف مودی گٹھ جوڑ ملک کے لیے سیکورٹی رسک بن چکا ہے اور عوام ہر سازش سے آگا ہ ہیں لیکن بدقسمتی سے دور حاضر میں فساد اور شر اپنے کمال پر ہے۔ زندگی کی شاہراہ پر کانٹے پھول بنے ہوئے ہیں۔ دام خوشنما نظر آتے ہیں۔صیاّد مہربانوں کے روپ میں جلوہ گر ہیں۔ رہزن رہنما دکھائی دیتے ہیں۔ بظاہر سازشیں نوازشیں لگتی ہیں۔ گویا شیطانی قوت نے ہر بُری بات کو ہمارے لیے خوبصورت بنا رکھا ہے۔ ہر چمکتی شئے کو سونا سمجھ کر ہم دھوکے میں آ جاتے ہیں۔ ملک دشمن اندرونی و بیرونی قوتیں اس سادہ لوھی سے فائدہ اُٹھاتیں ہیں جیسا کہ آج کل ہو رہا ہے۔ کشمیر جل رہا ہے اور ہمارے حکمران اپنے کاروبار اور دوستیاں نبھا رہے ہیں اور ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے والا کوئی نہیں ہے۔ اللہ ہمارے حال پر رحم کرے۔

ہفتہ، 13 اگست، 2016

کیا پاکستانی آزادی کی منزل پاچکے؟


69سال قبل 14اگست کو رمضان المبارک کی نیکیوں اور برکتوں والی ستائیسویں رات کو پاکستان کا عمل وجود میں آیا۔ علیحدہ وطن حاصل کرکے مسلمان خوشی سے پھولے نہ سماتے تھے۔مگر دوسری طرف انگریز نے چونکہ اقتدار مسلمانوں سے چھینا تھا ۔اسلئے ان کی ازلی دلی دشمنی نے انھیں تمام مسلم ریاستوں کو پاکستان کا حصہ نہ بنانے دیا۔کشمیر پر ڈوگرا راج قائم تھا۔انگریزوں نے بھی ہر حربہ برتاکہ مسلمانوں کی بھاری تعداد والی ریاست جموں و کشمیر پاکستان میں شامل نہ ہوسکے۔گو ایک آدھ کو چھوڑ کرسبھی اسلام کے نعرے لگانے والی جماعتوں نے پاکستان بننے کی بھرپور مخالفت کی قائد اعظم کی ذات پرتنقیدی وارکیے۔مگر ملک خداداد پاکستان وجود میں آگیا۔اور ہندو اکثریتی ہونے کے باوجود ہاتھ ملتے رہ گئے اصولاً تو انگریز اقتدار کی کنجیاں مسلمانوں کو واپس کرکے جاتے مگر ہندو بنیوں نے برطانوی سامراجی اقتدار کے دوران ان کو خوب شیشے میں اتارے رکھا اور اپنی اندرونی خباثتوں کے باوجود ان کے تابعدار رہے مگر مسلمان چونکہ پیدائشی طور پر غیرت مند ہوتے ہیں۔ وہ انگریزوں کے سامنے تابعداریاں تو کیا کرتے انھوں نے دل سے اپنے سے چھینی ہوئی حکومت اور بدیسی حکمرانوں کو تسلیم نہیں کیا اور مسلسل ان سے چھٹکارا پانے کے لیے تنظیمیں ،جماعتیں بناتے رہے۔برطانوی سامراجی بھی سمجھتے تھے کہ ان کا سکہ یہاں پر زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔علماء نے جیلیں بھریں،وہاں چکیاں پیسیں،ظلم و تشدد برداشت کیے ،زندہ جلائے گئے" بلیک ہول" جیسے واقعات بھگتے مگر انگریزوں کے در پر نہ جھکے نہ بکے ۔اپنا وطن واپس لینے کی بھرپور جدوجہد کی مگر آزادی کا تمغہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے حصہ میں آیا۔مسلمانوں نے نہ تو قائد کے مسلک کو دیکھا اور نہ ہی چہرے مہرے کو ان کے پیچھے ڈٹ گئے۔مگر قائد کی وفات اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد مسلم لیگیوں کی دال جوتیوں میں بٹنے لگی کئی گروہ وجود میں آگئے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے زیر زمین پروگرام بننے لگے ۔سکندر مرزاممتاز دولتانہ ،مشتاق گورمانی، سرسکندر حیات غرضیکہ سبھی اقتداری کرسیوں کی بندر بانٹ میں مشغول ہوگئے قائد کے فرمودات پس پشت ڈال دیے گئے نہرو نے کہا کہ میں نے اتنے پاجامے تبدیل نہیں کیے جتنے پاکستان میں وزیر اعظم تبدیل ہوئے۔ایوبی آمریت میں مسٹر بھٹو نے بطور وزیر خارجہ استعفیٰ دیکر اپنی پارٹی کی بنیاد رکھی اور تین سالوں کی جدو جہد سے 1970کے انتخابات میں مغربی پاکستان کی اکثریتی پارٹی کے لیڈر بن کر ابھرے مگر وہ بھی اپنے دلکش نعروں اور دلوں کو لبھانے والے پروگرام کی تکمیل نہ کرسکے غریب کی حالت خراب تر ہوتی گئی مزدور کسان دو وقت کی روٹی کو ترسنے لگے انگریزوں کے ٹوڈی جاگیردار ہر پارٹی میں گھس گئے اور سرمایہ کے زور پر قبضہ جمالیا۔جو کہ آج تک جاری و ساری ہے ۔ضیاء آمریت سے صنعتکار بھی سیاست میں کود پڑے اور اربوں روپیہ لگا کر مقتدر بن بیٹھے اور کھربوں کمانے لگے۔غریبوں کو آزادی تو کیا ملنی تھی۔72فیصد افراد غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں دو وقت کی روٹی نصیب نہیں ہوتی پانچ کروڑ غریب بچے سکول نہیں جارہے کہ وہ کماکر نہ لائیں تو گھر کا خرچہ کیسے چلے۔چھ کروڑ افراد کو رفع حاجت کی سہولت میسر نہیں ۔غربت مہنگائی اور بھوک سے بلکتے افرادخود کشیاں اور خود سوزیاں کررہے ہیں ۔جغادری سیاستدانوں کوتقریریں جلسوں میں زمین و آسمان کے قلابے ملانے کا فن تو ضرور آتا ہے مگر کوئی مزدوروں کسانوں محنت کشوں ھاریوں کے حقوق کی بات نہیں کرتا۔سود خور مزید امیر تر ہورہے ہیں عام آدمی سمجھتا ہے کہ ہمیں جس آزادی کا تصور دیا گیا تھا وہ69سالوں میں بھی نہیں مل سکی ہم آج بھی انگریزوں کے ٹوڈی اور انکی ناجائز اولا د وڈیروں کے غلام ہیں۔انتظامی اور سیاسی پارٹیوں کے اہم عہدوں پر وہ قابض ہیں کبھی کبھی غریبوں کے دکھی ہونے کا پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگتا ہے تو اپنی پاپولیرٹی کو قائم رکھنے کے لیے کوئی نہ کوئی بیان غرباء کے حق میں دھکیل دیتے ہیں۔تاکہ کہیں غریب عوام آپس میں اکٹھے ہو کرگلیوں کوچوں ،چکوں گوٹھوں سے اللہ اکبر اللہ اکبر کے نعرے لگاتے تحریک کی صورت میں نہ نکل پڑیں جس سے ان کا70کے انتخابات کی طرح دھڑن تختہ ہی نہ ہو جائے۔ آزادی کے حصول کی تحریک کے دوران دودھ پیتے بچے نیزوں کی نوکوں پر پروئے گئے،لخت جگر اپنی ماؤں کے آگے ذبح کیے گئے مگر آج ہم انگریزوں کی غلامی سے نجات نہیں پاسکے چند سال قبل ان کاا یک تابعدار غلام کسی بنک میں ملازمت کرتا ہوا معین قریشی نامی رات کے پچھلے پہر یہاں بطور وزیر اعظم بھجوادیا گیا۔جسے ہم نے سر آنکھوں پر بٹھا کر قبول کیا حالانکہ اس کا پاکستانی شناختی کارڈ تک موجود نہ تھا اور نہ اس کے ماں باپ کا کچھ اتا پتا۔آزادی کا جشن ہر سال چودہ اگست کو منایا جاتا ہے جو ہماری قربانیوں کی یادیں دلاتا رہتا ہے مگر یہاںآزادی ہے تو زخیرہ اندوزی سودی لین دین غیر میعاری اشیاء کی فروختگی کی ،مسجدو محراب سے علمائے سُوکی عمل سے خالی تقریروں کی ،جھوٹے وعدے سبز باغ دکھلا اور ورغلا کرووٹوں کے حصول کی، فحاشی عریانی شراب وخمر کی محفلیں سجانے کی۔دہشت گردوں کو بم پھاڑنے اور تباہیاں پھیلانے کی۔رااور اس کے ایجنٹوں کو دنگا فساد پھیلانے کی۔ مسالک فرقوں کی بنیاد پر ایک دوسرے کو کافر بنانے کی ،سود در سود جیسی غلاظتوں میں ملوث نو دولتیے سرمایہ داروں کے ملاوٹی جعلی اشیاء کے کاروباروں کی ۔
جب تک ہم انگریزوں کی غلامی کا طوق گلے سے نکال کر محمد عربیﷺ کی پیروی کو نہیں اپناتے شہدائے تحریک پاکستان سے غداری کے مرتکب رہیں گے ہمیںآزادی کے دن خدا کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے سارے کیے گئے سابقہ گناہوں کی معافی طلب کرنی چاہیے اور پاکستان میں ایسے نظام کو لانے کی جدو جہد کرنا ہوگی جہاں کوئی بھوکا رہے نہ بیروزگار کسی کا مال غیر محفوظ ہو نہ ہی عزت و آبرو تبھی ہم صحیح معنوں میں آزادی کے مفہوم پر پورا اترسکیں گے اور مکمل آزاد کہلا سکیں گے۔

جمعہ، 12 اگست، 2016

جعلی ادویات اور ڈرگ انسپکٹر کی منتھلی


اشیائے خوردنی کی طرح انسانی و حیوانی جعلی ادویات کی ملک بھر میں بھر مار ہے انسانی جعلی ادویات سے بیچارے غریب مریضوں کی روزمرہ ہلاکتوں پراخبارات کے صفحات ،کالمز اورہمہ قسم پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بھرے پڑے ہیں۔مگر زمین جنبد آسمان جنبد نہ جنبد گل محمد کی طرح یہ مسئلہ عرصہ دراز سے جوں کا توں ہی چلا آرہا ہے۔شہباز شریف صاحب کی ٹاسک فورس برائے انسداد جعلی ادویات خود جعلی نکلی ۔میڈیکل سٹوروں اور ادویات بنانے والے کارخانوں سے لکھوکھا روپوں کی ٹھگیاں لگ چکی ہیں۔صدر ضیاء الحق کے دور میں کئی جرائم سرزد ہونے کے بعداندراج مقدمہ کے لیے اسلامی شرعی سزاؤں کا نفاذ کیا گیا تھا اور اسلامی دفعات کے تحت مقدمے درج کیے جاتے اور سزائیں سنائی جاتی تھیں ۔مگر عملاًاس کے برعکس ہواجب ایسا کوئی مقدمہ تھانہ میں اندراج کے لیے لایا جاتا تو ایس ایچ او صاحب فرمانے لگتے کہ کون سی دفعات لگاؤں ؟اسلامی یا پہلے والی کہ اسلامی دفعات اگر لگوانی ہیں تواس کی"فیسیں(نذرانے)"بہت زیادہ ہوں گے کہ اس میں عدالتوں سے سزائیں بھی بہت سخت دی جائیں گی اس پر ہر کس و ناکس اس پر تلا ہوتا تھاکہ اسلامی دفعات لگوانی چاہئیں ۔چاہے اس کے لیے کتنی ہی رقم کیوں نہ صرف کرنی پڑے۔دوسری طرف ایسے مقدمات کے ملزمان اور ان کے لواحقین کا بھی تھانہ سے مسلسل رابطہ ہوتا تھا ۔تھانیدار صاحب و ضاحتیں فرمایا کرتے تھے کہ آپ کے مخالف جو مقدمہ کے مدعی ہیں وہ تو اسلامی دفعات کے تحت اندراج مقدمہ چاہتے ہیں اب بتائیں کہ اگر آپ اسلامی دفعات کے تحت پرچہ درج کروانانہیں چاہتے تو پھرآپ ڈھیروں رقم لائیں و گرنہ ہم بہت مجبور ہیں اوپر والوں کا پریشر بھی ہے مدعی خود بھی بااثر ہے جسے ٹالنا بھی مشکل لگتا ہے ۔اس طرح مقدمہ درج ہوتے ہوتے ہی اِدھر یا اُدھر سے تھانیداروں کی چاندی ہوجاتی تھی۔ان دنوں تھانہ کے دیگر سٹاف کے بھی بڑے مزے تھے ۔اب شہبازشریف روزانہ بیان دیتے ہیں کہ جعلی ادویات رکھنے والے میڈیکل سٹورز(تیار کرنے والے کیوں نہیں ؟)اورایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کیے بغیر پریکٹس کرنے والے نام نہاد ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کریں جو میڈیکل سٹورز یا جعلی پریکٹیشنرز ماہانہ 5000ڈرگ انسپکٹر کو منتھلی دیکر من مانیاں کرتے تھے ،جعلی اور سمگل شدہ ادویات ان کے پاس وافر مقدار میں ہوتی تھیں۔ اس طرح پانچ، چھ گنازیادہ منافع مل جاتا تھا۔اب چونکہ "کریک ڈاؤن"کیا جانا مقصود ہے اس لیے جو ہزاروں کی جگہ میڈیکل بیورو کریسی کو لاکھوں روپوں کی رشوت دیگا تو اس کا بال بیکا بھی نہ ہو سکے گا اور جو پرانی ڈگر پر چلتے ہوئے ہزاروں میں منتھلی دیگا تو اس کا چالان وغیرہ کرکے خانہ پوری کی جائے گی اوروزیر اعلیٰ کو رپورٹس OKبھیجی جائیں گی۔جب تک میڈیکل بیورو کریسی اور ڈرگ انسپکٹر وغیرہ ایمانداری اختیار کرکے رشوت ستانی ترک نہیں کرتے نظام ویسا ہی چلتا رہے گا۔ویسے بھی تقریباًپورے ملک کی بیورو کریسی اور ملازمین زیادہ تر شریفوں اور زرداری کے ادوار میں سفارشوں اورلمبے مال کھینچ کر بھرتی کیے گئے ہیں اور ابھی بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔جعلی ادویات تیار کرنے والی کمپنیاں اور ان کے کارخانے اٹھانوے فیصد خود مقتدر افراد اور ان کے رشتہ داروں اور وفاداروں کے ہیں ۔حکومت خود صنعتکاروں کی باندی ہے اس لیے انھیں پکڑنا خود اپنے آپ کو پکڑوانے کے متراد ف ہے نیب کو ایسے کیس دیے گئے تو بھی یہی حشر ہو گا۔ویسے بھی اگر ایم این اے ،ایم پی اے اور کسی وزیر مشیر کے سیاسی گڑھ میں جعلی ادویات پر پکڑ دھکڑ کی کوشش ہوئی تو قانون کی خلاف ورزی کرتے مقتدرافراد اور رت جگے کے ٹوڈی شرابی ٹولوں کوپکڑنے پر ڈی پی اوضلع بہاولنگر شارق کمال کی صوبہ بدری ہوسکتی ہے تو ان مقدمات میں تو ملازمتوں سے ہی چھٹی (برخواستگی )ہونے کا قوی امکان ہے ۔اس لیے چیف منسٹر سیکریٹریٹ کوراضی رکھنے کے لیے فرضی کاغذی کاروائیاں بھجوائی جائیں گی تاکہ"خوش رہے شیطاں اور ناراض بھی نہ ہو یزداں" بہر حال ضلعی میڈیکل افسروں اور ڈرگ انسپکٹروں کی عیدیں ہیں۔انھیں خوب بھتہ مل رہا ہے ۔شاباش شہباز شریف ۔ضروری امر یہ ہے کہ آپ چند بڑے کرپٹ ادویات بنانے والے مگر مچھ نماانسانیت کے دشمنوں کو ٹانگیں یا جہاں سے بھی میڈیکل سٹوروں تک یہ دو نمبر مال پہنچا ہے انھیں پکڑ کر بھوکا پیا سا لٹکاؤ خودبخود اژدھوں کو مار پڑتا دیکھ کر چھوٹے چھوٹے سنپولیے توبہ تائب ہوجائیں گے اور سارا طبی نظام درست سمت میں چل پڑے گا۔مگر موجودہ حکمران یہ اس لیے نہیں کرسکتے کہ پھر وہ خود اور ان کے ساتھی لواحقین دوست احباب بھی اسی حشر نشر سے دو چار ہوں گے۔جعلی ادویات اور کریک ڈاؤن تو ضروری مگر چند کو انار کلی کی طرح دیواروں میں چننا یا چو کوں پر الٹا لٹکانا بھی ضروری اوریہی اصل حل ہے ۔ قاتل تو ایک فرد کو قتل کرنے پر تختہ دار پر لٹکایا جاتا ہے اور یہ انسانیت کے غلیظ ترین دشمن اپنی جعلی ادویات سے سینکڑوں کو رفتہ رفتہ قبرستانوں کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اس کے بغیر کاٹھ کے الو سمجھا ہی نہیں کرتے مگر ہم آپ کو سیاہ و سفید سمجھائے دیتے ہیں آگے آپ کی مرضی جو کچھ آپ کاحسن کرشمہ ساز کرے ۔نوجوان ڈاکٹر مزدوروں کی طرح دن رات مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں ہڑتال غلط ہی سہی مگر روتے کیا کرتے کوئی سنتا تک نہیں اور پیرا میڈیکل سٹاف و نرسز کے بغیر تو ہسپتالوں کا تصور ہی نہیں۔میٹرو اور اورنج ٹرینوں کی جگہ ان کی تنخواہیں کم ازکم چار گنا کرڈالیں تاکہ یہ کوالیفائد افراد دل کھول کر مریضوں کی خدمت بجالائیں وگرنہ یہ سبھی پہلوں کی طرح بیرون ملک بھاگ جائیں گے اور ان کی جوانیاں وہاں بہر حال غیر مسلم اسلام دشمنوں کی خدمت کرتے گزریں گی اور یہی ہمارے اور مقتدرافراد کے منہ پر زور والا زناٹے دار تمانچہ ہوگا۔پھر نہ کہناخبر نہ ہوئی۔

پاکستان کی بقاء کی ضمانت


14 اگست پاکستان کی آزادی کا دن ہے اس دن اور اس ماہ کی مناسبت سے پاکستانی قوم ایک جزباتی لگاؤ رکھتی ہے ہم ا س ماہ میں آزادی کی خوشیاں مناتے ہیں گھرون پر پرچم لہرا کر ایک آزاد ملک کے شہری ہونے پر فخر کرتے ہیں لیکن حالیہ واقعات کو اگر دیکھا جائے تو یہ بات زہن میں آتی ہے کہ اگر ہم نے اس ملک کے حالات کو بدلنا ہے تو پھر خود کو بدلنا ہو گا اس ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہر سیاست کو ہر نظریہ کو ہر زاویے کو صرف پاکستان کی بقاء اور ا سکی ترقی میں بدلنا ہو گا آج ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور یہ ایک ایسی آگ ہے جو ہم نے خود ہی اپنے گھر میں لگائی ہے سانحہ کوئٹہ جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی جس کا ہر پاکستانی کو دکھ اور افسوس ہے اس میں ضائع ہونیوالی جانیں بچائی جا سکتی تھیں اگر ہمارے سیاست دان دہشت گردوں کے خلاف بنائے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کو اپنی مرضی کے مطابق نہ چلانے کی کوشش کرتے اسی نیشنل ایکشن پلان کو وہ اس کی روح کے مطابق جاری رہنے دیتے تو شاید یہ وباء اگر ختم نہ ہو گئی ہوتی تو آخری سانسیں ضرور لے رہی ہوتی نیشنل ایکشن پلان میں پاکستان میں عسکریت پسندی کو قطعی برداشت نہ کرنے کا جو عندیہ دیا گیا تھااگر وہ پورا ہوتا تو آج کے حالات مختلف ہوتے ۔سوائے فوجی عدالتوں کے قیام کے نیشنل ایکشن پلان کی باقی 18 دفعات محض وعدوں کی حیثیت میں باقی ہیں اور کسی ایک پر بھی صحیح طریقے سے عمل نہیں ہو سکا۔ اور اب نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ اندرونی سلامتی کی بحث میں نیشنل ایکشن پلان نظرانداز ہونا شروع ہوگیا ہے پاکستان کی فوج نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں اور انھیں کی بدولت پاکستان کے اندر بھی دہشت گردی کے معاون نیٹ ورک ختم کیے جا رہے ہیں ملک بھر میں میں عسکریت پسندی کے خلاف ایک منظم حکمت عملی کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس حکمت عملی کا قبلہ درست نہ ہو اور اسے باہمی ادارہ جاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر نہ رکھا جائے ۔سانحہ کوئٹہ پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خفیہ ایجنسیوں اور سکیورٹی ایجنسیوں کے بارے میں جو لب و لہجہ اختیار کیا اس کا کوئی جواز نہ تھا ارکان اسمبلی کو اس طرح حکومتی اداروں یا ایک دوسرے پر سطحی الزامات عائد کرنے سے گریز کرنا چاہیے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہر دہشتگرد حملے کے بعد را کے ملوث ہونے کا شور نہیں مچانا چاہیے را پر الزام عائد کرنے سے کام نہیں چلے گا انہوں نے الزام لگایا کہ ملک دشمن عناصر ہماری ایجنسیوں کے پے رول پر ہیں یہ ہمارے انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی ہے ہماری ایجنسیاں گدلے پانی سے سوئی ڈھونڈ سکتی ہیں تو دہشتگردوں کی تلاش میں کیوں ناکام رہیں۔ان کا یہ بیان پوری قوم کے دل آزاری ہے کیونکہ ساری قوم جانتی ہے کہ اگر آج پاکستان کی مخافظ یہ ایجنسیاں نہ ہوتی تو اس کے دشمن اسے کب کا ختم کر چکے ہوتے یہ بات محمود خان اچکزئی کو ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ آج تک ملک کی خاطر قربانیاں صرف ہماری مسلح افواج نے دی ہیں کسی سیاست دان کو یہ اعزاز نہیں مل سکا کہ وہ ملک کی خاطر اپنی جان دیں ہاں البتہ اقتدار کی خاطر کئی سیاست دان بھانسی گھاٹ تک ضرور پہنچے ہیں اور بہے سے تو ایسے بھی نکلے ہیں جنھوں نے اس ملک کا سودا کرنے کی تیاریاں بھی کر لی تھیں انھیں ایجنسیوں کی بدولت وہ لوگ ایسکپوزبھی ہوئے اور ذلیل و خوار بھی پاکستان کی ایجنسیاں محدود وسائل میں بہترین کام کررہی ہیں محمود خان اچکزئی ان درجنوں واقعات کا علم نہیں رکھتے جنہیں ان ایجنسیوں نے وقوع پذیر ہونے سے پہلے ناکام بنایا ہے ملک میں متعدد ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن میں را کے ایجنٹ پکڑے گئے ہیں اور کسی اور ملک کی ایجنسی نے نہیں بلکہ ہماری ہی ایجنسیوں نے پکڑے ہیں جس کی سب سے بڑی اور تازہ ترین مثال کل بھوشن یادیو کی گرفتاری ہے جس نے سی پیک منصوبوں کو سبوتاژکرنے اور بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے عزائم واضح کئے ہیں یہی نہیں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سمیت متعدد حکام نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر تشویش ظاہر کی ہے اس لئے جب ''را'' کی بات ہوتی ہے تو یونہی نہیں ہوتی ٹھوس ثبوت کے ساتھ کی جاتی ہے کوئٹہ سانحہ کو ہرگز خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی نہیں قرار دیا جا سکتا ہماری خفیہ ایجنسیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیت عالمی طور پر تسلیم کی جاتی ہیں ان کا یہ الزام بہت سے پاکستان دشمنوں کیلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہماری ایجنسیوں کے پے رول پر ہیں۔براہ راست دہشت گردی میں ملوث گروپوں کے خلاف پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن ضروری ہیں اور یہ آپریشن وقتاً فوقتاً ہوتے بھی رہتے ہیں۔ اگر یہ آپریشن موثر ثابت نہیں ہو رہے تو اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد جیسے مسائل کو پہلے حل کرنا پڑے گالیکن کوئٹہ جیسے واقعات کے بعد ملک کی نامور ایجنسیوں پر لگائے جانے والے الزمات نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ ہماری مسلح افواج کا مورال ڈاؤن کرنے کی ایک گھنونی سازش ہے جس کی پوری قوم مذمت کرتی ہے کیونکہ ساری قوم جانتی ہے کہ پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہماری مسلح افواج اور ان کے زیر کمان یہ نامور خفیہ ایجنسیاں ہی ہیں کسی سیاست دان کو یہ ہر گز زیب نہیں دیتا کہ جس ملک نے اسے عزت ،مرتبہ اور عہدہ دیا ہو وہ اسی کی مسلح افواج یا ان کی خفیہ ایجنسیوں کے بارے میں ایسی بات کرئے اگر وہ ایسا کہتا ہے تو وہ کھبی بھی مخلص نہیں ہے ۔

ہم آزاد کب ہوں گے؟



ہم ہر سال جوش و جذبے کے ساتھ وطن عزیز کی آزادی کا دن مناتے ہیں اور اس سلسلہ میں جھنڈیاں سجانے،قمقے روشن کرنے ،آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے چھوٹی بڑی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں۔خوش کن امر یہ ہے کہ اس دن کو بڑ چھوٹے ،بوڑھے جوان ،مردوزن سبھی خوشیوں سے سرشار نظر آتے ہیں اور ایسا ہونا بھی چاہیے کیوں کہ ملک پاک کا ہر ایک باسی اپنے وطن سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتاہے اور یہ عین انصاف بھی ہے کہ اپنے ملک کی مٹی سے پیار اور والہانہ محبت ہونی چاہیے۔مگر یہاں ایک افسوس کن بات اور تلخ بات کرنی پڑ جاتی ہے کہ ہمیں اپنے وطن کے نام سے اس کے سبز ہلالی پرچم سے تو محبت و عقیدت ہے مگر اپنے ملک کی تعمیر و ترقی اور اس کی خوش حالی و استحکام کے لئے بالعموم طورپر عوام و قیاد ت کوئی قابل قدر کوشش و کاوش کرنے سے مجتنب رہے ہیں۔سال کے بعد ایک دن کو خوشی سے منا لیا جاتاہے مگر آزادی کے حقیقی تصور کو سمجھنے کی کبھی سعی نہیں کی گئی۔

ملک پاک میں لوٹ کھسوٹ اقبال پر ہے،کرپشن ،چوربازاری،دہشت گردی و بدامنی،فرقہ پرستی ،سیاسی و قومی ،مذہبی و لسانی بنیادوں پر تقسیم،محبت و مودت کا باہمی رشتہ مفقود ہے ،عدل و انصاف ناپید ہے،سود خوری و قماربازاری مروج،فحاشی و عریانی اور کیا کیا انسانی و اسلامی اوراخلاقی بیماریاں ہیں کہ جو ہمارے ہیں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں غربت و افلاس میں اضافہ ہورہاہے ،امیرسے امیر تر اور غریب سے غریب تر ہوتاجارہاہے،کوئی ایک فرد بشر انفرادی یا اجتماعی حوالے سے نظر نہیں آتا کہ جو اپنی ذات سے بلند ہوکر ملک و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے مخلصانہ کوشش و جدوجہد کرے۔ ہر ایک فرد بشر اور جماعت (اکثریتی طبقہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے)کی یہ خواہش ہے کہ وہ اور اس کی جماعت ہر ایک چھوٹے سے چھوٹے کام کا بھرپور فائدہ اٹھائے جس کے نتیجہ میں لوگوں کے لبوں پر اس کا ذکر خیر جاری ہوجائے۔مگر سرمایہ دار و جاگیر دار،سردار و مولوی ،پیرو مجاہد جیسے غنڈے و درندے انسانی معاشرے کو اپنی بدترین ہوس کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ان کے سامنے کوئی بھی آذان بلالی دینے والا نہیں ۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے ایک مرتبہ ملک کے سرمایہ داروں اور غاصبوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا تھاکہ’’میں یہاں ان لینڈ لاڈوں اور سرمایہ داروں کو تنبیہ کرنا ضروری سمجھتاہوں جو اک ظالمانہ نظام کی پیداوار ہیں اور عوام کی مجبوریوں کا استحصال کرتے ہوئے پھلتے پھولتے ہیں یہ لوگ اس حد تک خود غرض ہیں کہ وہ کسی کی دلیل سننے کو تیار نہیں لوگوں کا استحصال کرنا ان کے رگ و پے میں بس گیا ہے۔انہوں نے اسلامی تعلیمات کو فراموش کردیا ہے۔آپ جہاں کہیں بھی دیہی علاقوں میں جائیں یہ استحصال آپ کو نظر آئے گا ۔آپ کو لاکھوں ایسے انسان ملیں گے جن کو ایک وقت کا کھانا میسر نہیں ۔کیا اسی کا نام تہذیب ہے ؟کیاپاکستان کا یہی مطلب ہے؟ کیا آپ کو اس بات کا احساس ہے لاکھوں انسان استحصالی نظام کی وجہ سے ایک وقت کا کھاناکھانے سے محروم ہیں ۔اگر پاکستان کا ایسا تصور ہے تو یہ مجھے قبول نہیں‘‘۔یاد رہے قائد کے فرمان کی امنگوں کے مطابق ہم آزاد نہیں ہوئے ہیں۔

ہمارے ایک محترم دوست روزنامہ اعلان سحر کے چیف ایڈیٹر اور نیشنل فرنٹ آف جرنلسٹ پاکستان کے چئیرمین عامرشہباز ہاشمی صاحب نے آزادی وطن کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وطن عزیز پر قربان ہونے والوں کے دکھوں کا اظہار کرتے ہوئے چند سوالات اٹھائے جنہیں قارئین کے افادہ کی خاطر رقم کیا جاتاہے۔وہ فرماتے ہیں کہ’’ 14اگست 1947ء آزادی پاکستان کے لاکھوں شہدا،نیزوں کی انیوں پر پروئے جانے والے بچوں کی لاشیں سوال کرتی ہیں؟ اس فرعونی نظام کو (جو ملک میں رائج ہے )بدلے بغیر آزادی کا مفہوم چہ معنی دارد؟تاریخ کی سب سے بڑی بربریت میں لاکھوں لٹ جانے والی پاکباز عصمتیں جن کے نازک اعضا کو بھی پاکستان کے نام پر کاٹ کر پھینک دیا گیا سوال کرتی ہیں وہ پتھرائی ہوئی نظریں اس اسلامی جمہوریہ پاکستان کے بشر بشر سے پوچھتی ہیں کیا آزادی کی جنگ لڑ کر پاکستان حاصل کرنے کے مقاصد پورے ہوگئے؟اللہ اور رسولؐ کے نام پر بننے والی ریاست کا فرعونی چلن جہاں غریب محنت کش کا حاصل محنت چند اہل زرسرمایہ دار کی جب میں منتقل ہوجاتاہے۔جہاں ہر سال لاکھوں لوگ خط غربت کی گھاٹیوں میں لڑھک جاتے ہیں طبقات میں تفاوت بڑھ جانے سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔جہاں روٹی کے چندلقموں کے لئے لوگ اپنی نوعمر بچیوں کے دلال بن جاتے ہوں جہاں انصاف کا حصول ایک فریب کی سی حیثیت رکھتاہو۔جہاں عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ان کی ہڈیاں تک بھنبھوڑرہے ہوں جہاں عزت نفس ہرلمحہ پامال ہوتی ہوجہاں سود کا چلن ایسا ہو کہ نس نس میں بس چکا ہوجہاں ریاست عوام کو علاج ،تعلیم مہیاکرنے کی بجائے چندکاروباری اشخاص کے رحم و کرم پر ڈال دیں جوعوام کا آخری خون کا قطرہ بھی نچوڑنے کے درپے ہوں ۔جہاں سوچنے پر قدغن ہو جہاں جینا وبال جان بن چکا ہو جہاں ذلت مقدر ہو جہاں ابن الوقت کمینے اقتدار کی سنگھاٹنوں پر براجمان ہوں جہاں عوام کو ذات پات ،برادری ،زبان ،قومیت اور مذہب و مسلک کے نام پر تقسیم کردیا گیا ہو تو بھلا کتنے بے حس اور غافل ہو کہ اس آزادی کا جشن مناتے ہوجو تمہیں ابھی نصیب بھی نہیں ہوئی۔

دیس کی بات 
عتیق الرحمن
03135265617
atiqurrehman001@gmail.com